حکومت کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیوں میں سنجیدہ نہیں، پیپلز پارٹی

Last Updated On 03 April,2019 11:00 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیوں میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ہماری جماعت یکساں احتساب پر یقین رکھتی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فرحت اللہ بابر کا لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سی ای سی اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ فوجی عدالتوں کی حمایت نہیں کریں گے۔ فوجی عدالتیں 31 مارچ سے ختم ہو گئی ہیں۔ اگر حکومت کوئی اس حوالے سے قانون سازی کرے گی تو مخالفت کریں گے۔ کوئی شک نہیں یہ فاشسٹ حکومت ہے۔ فاشسٹ اس کو کہتے ہیں جو سیاسی روادری کو نہیں مانتا۔ پارلیمان کے اندر اور باہر بھی عوام کو متحرک کریں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری لڑائی یہ ہے کہ تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں۔ جو بھی ادارہ دائرہ کار سے باہر نکلے گا تو ہم اعتراض کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مقدمات سے نہیں ڈرتی، صرف کیس کے طریقہ کار پر اختلاف ہے۔ یہ حکومت آئین کو مانتی ہے نہ پارلیمان کو مانتی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کوایکسپوز کریں۔ اجلاس میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے شوشے کی مذمت کی گئی۔