’نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو عوام کے پیسے واپس کر دیں‘

Last Updated On 26 March,2019 05:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وکیل خواجہ حارث کو چاہیے کہ وہ اپنے موکل نواز شریف کو پیسے واپس کرنے کا مشورہ دیں۔ نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو عوام کے پیسے واپس کر دیں۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ وہی ہے جو ہم نواز شریف کو آفر کر چکے ہیں۔ بہتر تھا اگر وہ ہماری بات مان لیتے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیانیہ ایک بار پھر ایکسپوز ہو گیا ہے، انھیں بیماری نہیں بلکہ جیل کے اندر ٹینشن ہے۔ انھیں پہلے ہی کہا تھا کہ وہ ملک میں جہاں چاہیں علاج کرا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس وسائل ہیں، وہ اپنا بیرون ملک سے ڈاکٹر بلا سکتے ہیں۔ یہ آفر تو ان کے پاس پہلے ہی موجود تھی۔ اگر وہ مستقل باہر جانا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کا قانون بھی موجود ہے۔ نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو عوام کے پیسے واپس کر دیں۔ وکیل خواجہ حارث کو اپنے موکل نواز شریف کو پیسے واپس کرنے کا مشورہ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں ہے۔ شہباز شریف کے حوالے سے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے کیونکہ ہمیں اعتبار نہیں ہے۔ شریف خاندان کا کوئی بھی فرد بیرون ملک جاتا ہے تو واپس نہیں آتا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تین وزرا کیخلاف الزام ثابت نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود انہوں نے استعفیٰ دیا۔ سندھ کا سپیکر گرفتار لیکن اسمبلی کا اجلاس ختم نہیں کرتا جبکہ نیب کے مرکزی ملزم کو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں ڈالا گیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی ناموں میں کوئی ایسا بندہ نہیں جس پر الزام نہ ہو۔ سندھ کے نام پر لیے گئے پیسے لندن اور دبئی جا رہے ہیں۔ سندھ کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں اور اپارٹمنٹ لندن میں بنائے جاتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول نے ٹرین مارچ کے لیے 300 ٹکٹ خریدے، خوشی ہے 300 لوگ پورے بھی ہو گئے۔ پہلی بار بلاول کو ٹکٹوں کے پیسے بھی دینے پڑے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی غیر ملکی کو پاکستان میں کہیں جانے کے لیے این او سی کی شرط ختم کر دی ہے۔ سیاحتی مقامات تک فضائی سروس پر ٹیکس زیرو کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ، ترکی، یو اے ای اور سعودی عرب کو ای ویزہ کی سہولت دی جا رہی ہے۔ 170 ممالک کو ای ویزہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ اسلام آباد میں بلڈنگ کی اونچائی کی شرط ختم کر دی ہے۔ بلیو ایریا سمیت تمام تجارتی مراکز میں بلند عمارتوں کے لیے این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رواں سال نومبر میں کرتارپور کورویڈر کھل جائے گا۔ دس رکنی گروبندک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔