اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست بیس فروری تک ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں مختلف تفصیلات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ خواجہ حارث نے طبی بنیاد پر ضمانت کے حق میں دلائل دیے۔ جج صاحبان نے ان سے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے متعلق سوالات کیے۔
جسٹس محسن اختر نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کی صحت سے متعلق حتمی رپورٹ دی گئی ہے؟ وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ حتمی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
نواز شریف کے وکیل نے دلائل دیئے کہ سزائے موت اور عمر قید کے ملزمان کو بھی ہارڈشپ کے تحت ضمانت ملی ہے۔
پنجاب حکومت کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ جناح ہسپتال میں تمام امراض کے علاج کی سہولت موجود ہے۔ ڈاکٹر کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔
عدالت نے کیس کی سماعت بیس فروری تک ملتوی کر دی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی درخواست دو اپریل جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانےکی نیب درخواست پر سماعت نو اپریل کو ہو گی۔