لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے نریندر مودی کے بیان پر اظہار افسوس اور شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کو الزام تراشی سے پہلے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر اظہار شرمندگی کرنا چاہیے، پاکستان اور بھارت میں امن کی راہ کشمیر سے ہو کر گزرتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کی باتیں حماقت، بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، پیلٹ گن سے 20 ماہ کی معصوم کشمیری بچی کی بینائی چھیننے پر بھارتی وزیراعظم کو اتنا تاؤ دکھانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں انتشار پھیلانے کی خواہش اور عزائم کا زندہ اور چلتا پھرتا ثبوت ہے، یہ وہ حقیقت ہے جس سے بھارت نظریں چرا نہیں سکتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا پلوامہ واقعہ کی پاکستان نے مذمت کی ہے، کسی تحقیق کے بغیر ہی پاکستان کو اس واقعہ سے جوڑ دینا پہلی بار نہیں ہوا، اس سے پہلے بھی بھارت نے خود ایسے مشکوک واقعات رچائے جس پر پوری دنیا نے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت میں امن کی راہ کشمیر سے ہو کر ہی گزرتی ہے، ہماری بہادر مسلح افواج دشمن کے ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے چکے ہیں، آئندہ ہماری بہادر مسلح افواج دشمن کو انشاءاللہ اس سے بھی زیادہ موثر انداز میں جواب دیں گے۔