کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں 18 دسمبر سے جاری ڈاکٹرز کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان، صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری سے کامیاب مذاکرات کے بعد ڈاکٹرز نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔
ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغوا کے بعد جوائنٹ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجاً سول ہسپتال کی او پی ڈی بند کر دی گئی جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کے بعد بھی ڈاکٹرز نے احتجاج ختم نہ کیا اور حکومت سے موثر سیکیورٹی پلان کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھا۔
ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ڈاکٹرز کو موثر سیکیورٹی کی فراہمی، ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کے لیے ادا کردہ تاوان کا ازالہ اور احتجاج کے باعث ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں کٹوتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
ڈاکٹر ابراہیم کی بازیابی کے دو روز بعد صوبائی وزیر صحت احتجاجی ڈاکٹرز کے کیمپ پہنچے جہاں ڈاکٹرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ڈاکٹرز نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
سول ہسپتال میں ڈیڑھ ماہ سے جاری احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد ڈاکٹرز کل سے او پی ڈی میں اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔