ملتان: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان کے امن عمل میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو گیا، امریکہ سے ازسرنو تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔ کشمیریوں کے حق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
وزیرخارجہ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے وعدے کے مطابق افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آیا، ہمارا موقف تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، آج افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات پاکستان کے مثبت کردار کا ثبوت ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم چند روز قبل پاکستان آئے، ان سے پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے نتیجہ خیز گفتگو ہوئی، لنڈسے گراہم نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن جنگ سے نہیں مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، انھوں نے پاکستان سے سودے بازی نہیں سٹریٹجک نوعیت کے تعلقات پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دورہ برطانیہ پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ برطانوی حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ ہاوس آف کامنز سے بھی خطاب کریں گے۔