پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹٰی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کے ساتھ سلوک روا رکھا ہے، ان کے ساتھ بھی ایسا ہوگا۔ کسی نے 18ویں ترمیم کو چھیڑا تو سڑکوں پر نکلیں گے، احتساب کا معیار یکساں ہونا چاہیے۔
باچا خان کی برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ ان جیسی شخصیت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، دنیا نے باچا خان کہ فلسلفہ کو تسلیم کیا ہے، وہ ہمہ وقت پختون قوم کی فکر میں لگے رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اقتدار کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں، وہ ان اقدامات سے گریز کریں، اقتدار کی ڈوریاں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہونا چاہیے۔
اسفندیار ولی نے کہا کہ زرداری کی ہمشیرہ کی طرح عمران خان کی بہن علیمہ خان کو بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر بیرون ملک میری جائیداد نکل آئی تو آدھی شوکت خانم کو وقف کر دونگا۔