کراچی: (دنیا نیوز) مراد علی شاہ کا کہنا ہے جے آئی ٹی رپورٹ میں بہت ساری باتیں مضحکہ خیز ہیں، عوام کو باتیں بنانے موقع مل گیا، گھبرانے والے نہیں، عدالت میں سامنا کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم آج مزار قائد پر اس بات کی تجدید کرنے آئے ہیں کہ اس ملک کو خوشحال بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رضویہ فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے، کرپشن پر ایک جے آئی ٹی بنی ہے اس جے آئی ٹی میں کئی چیزیں مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت زیادہ بہتر ہے، ملک کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک اور صوبے کی خدمت کریں گے۔
گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر کو عہد کرنے آتے ہیں جو قائد نے خواب دیکھا اس کی تکمیل کے لیے ہم کام کریں گے، کوشش کریں گے کہ آنے والا پاکستان ایسا ہو جس میں ترقی ہو اور لوگوں کو روزگار کے مواقعے ملے، ہرے پاسپورٹ اور دنیا بھر میں پاکستانیوں کی عزت کرائیں گے۔