ایوان صدر کے دروازے پہلی مرتبہ عوام کے لئے کھول دئیے گئے

Last Updated On 08 December,2018 01:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایوان صدر کے دروازے پہلی مرتبہ عوام کے لئے کھول دئیے گئے، شہری صبح 9 سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے ایوان صدر جا سکتے ہیں۔

خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ایوان صدر پہنچ گئی۔ عملے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایوان صدر آنے والے اپنے ہمراہ شناختی کارڈ ضرور لائیں، شہریوں کو نام اور شناختی کارڈ نمبر اندراج کے بعد ایوان صدرمیں داخلے کی اجازت ہوگی۔ شہریوں کو موبائل فون ایوان صدر میں لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور وہ اپنے موبائل فون گاڑیوں میں چھوڑ کر آئیں۔

شہریوں کی ایوان صدرآمد کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کی پارکنگ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے، ایوان صدر کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، خواتین کی تلاشی کے لئے خواتین پولیس اہلکار بھی متعین ہیں، شہریوں کو ایوان صدر کے مخصوص حصوں میں جانے کی اجازت ہے۔