ایک دہائی کا سفر، معتبر اور تیز تر، دنیا نیوز کی کامیابی کے 10 سال مکمل

Last Updated On 01 December,2018 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا نیوز نے دس سال مکمل کر کے الیکٹرانک میڈیا کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے، سب سے پہلے، سب سے تیز کی روایت ہمارا اعزاز، جدت، مہارت، مستند، اچھوتی خبروں اور تبصروں سے دنیا نیوز آج پاکستان کا سب سے معتبر چینل بن چکا ہے۔

پاکستانی الیکٹرانک میڈیا میں انقلاب کی بنیاد رکھنے والے دنیا نیوز نے شاندار روایات قائم کرتے ہوئے کامیابی کے 10 سال مکمل کر لئے۔ ہر پل بدلتے حالات، ملکی اور عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں پر ناظرین کو باخبر رکھنا دنیا نیوز کا اعزاز، دعوے نہیں حقیقت پر مبنی خبریں، جاندار اور پر مغز تجزیے، بے لاگ تبصرے دنیا نیوز کی پہچان، ہر دلعزیز پروگراموں کے باعث دنیا نیوز کروڑوں ناظرین کے دل کی دھڑکن بن چکا ہے۔

متحرک رپورٹنگ ٹیم، باصلاحیت نیوز اور پروگرامنگ کی ٹیم، ملک بھر میں نمائندوں کے جال اور تیز ترین کوریج نے دنیا نیوز کو پاکستان کا سب سے بڑا نیوز نیٹ ورک بنا دیا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی اور ٹرانسمیشن سسٹم کے باعث دنیا نیوز کامیابی اور عروج کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے۔ سیاست کے رنگ ہوں، عام انتخابات کی معرکہ آرائی ہو یا بلدیاتی الیکشن کی جنگ، کس نے کس کو للکارا اور کون جیتا، کون ہارا، دنیا نیوز نے سب سے پہلے دکھایا، ووٹ کی طاقت کا پیغام بھی گھر گھر پہنچایا۔

کھیل کے میدان میں دنیا نیوز نے گھر سے سٹیڈیم تک سپورٹس دیوانوں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا۔ عجب کرپشن کی غضب کہانیاں ہوں، آندھی آئے یا طوفان، یا کوئی ناگہانی آفت، مشکل ترین حالات میں بھی دنیا نیوز نے قوم کو باخبر رکھنے کی روایت جاری رکھے ہوئے ہے اور عام آدمی کو روز بروز پیش آنے والے مسائل اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے میں پیش پیش رہا ہے۔

انہی خصوصیات کے باعث دنیا نیوزکو آج پاکستان کی میڈیا انڈسٹری اور صحافتی حلقوں میں نہایت قدر سے دیکھا جا رہا ہے اور دنیا نیوز ہر دل کی آواز بن گیا ہے۔