آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں اعظم سواتی قصور وار قرار، رپورٹ جمع

Last Updated On 29 November,2018 09:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو جےآئی ٹی نے قصوروار قرار دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کیا ایسے آدمی کو وزیر کے عہدے پر رہنا چاہیے، دیکھنا ہے کہ اس معاملے پر 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں، کوئی معافی قبول نہیں کی جائے گی۔

 جے آئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کا مؤقف جھوٹ پر مبنی اور بے بنیاد ہے، اعظم سواتی نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا، پولیس اعظم سواتی کے ساتھ مل گئی اور ایماندارانہ تفتیش نہیں کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج ہونا چاہیے، غریبوں پر دھونس دھاندلی کی گئی اور مارا پیٹا گیا، کیا ایسے آدمی کو وزیر کے عہدے پر رہنا چاہیے۔

جے آئی ٹی نےانکشاف کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد متاثرہ خاندان کے پاس جرگہ بھیجا گیا اور راضی نامہ کر لیا گیا، اعظم سواتی کی اہلیہ، نیاز علی کے گھر بچوں کے لیے کپڑے لے کر آئیں، رقم کی پیش کش بھی کی گئی۔ چیف جسٹس نے متاثرہ خاندان کو روسٹرم پر بلا کر کہا آپ اور آپ کی بچیوں کیلئے ہم لڑ رہے ہیں، آپ معافی دے رہے ہیں، بڑے لوگوں کو ایسے معافی نہیں دی جاسکتی۔ کیس کی مزید سماعت آئندہ منگل کو ہوگی۔