اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع

Last Updated On 31 October,2018 04:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے راہداری ریما نڈ میں 6 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے 9 نومبر تک راہداری ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

 لاہور کی احتساب عدالت سے دیا گیا راہداری ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف 7 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں، جس میں توسیع کیلئے شہباز شریف کو 7 نومبر کو متعلقہ عدالت میں پیش کریںگے، جسمانی ریمانڈ میں صرف متعلقہ احتساب عدالت ہی توسیع کر سکتی ہے۔

شہباز شریف نے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 9 نومبر تک چلے گا، مجھے کمر میں درد ہے، نیب 7 نومبر کو لاہور لے جا کر پھر واپس اسلام آباد لائے گی، بہتر یہ ہے کہ ایک مرتبہ ہی 9 نومبر تک راہداری ریمانڈ دے دیا جائے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ نیب نے 6 نومبرتک راہداری ریمانڈ مانگا ہے، فی الحال انکی استدعا منظور کر رہے ہیں، آج اجلاس کتنے بجے ہے؟ انہیں جلدی اجلاس میں پہنچا دیں، کہیں دیر نہ ہو۔عدالت نے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔