حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے سے متعلق نیب اپیل مسترد

Last Updated On 29 October,2018 03:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریفرنس دوبارہ کھولنے کی کوئی وجہ نہیں۔

حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق نیب کی نظرثانی کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا آپ عدالت کے ساتھ گیمز نہ کھیلیں، آپ بتائیں جرم کیا ہے اور فیصلے میں کیا غلطی ہے، کوئی بھی نظیرپیش کرنے سے پہلے بتائیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کیا غلطی ہے، اگر اسحاق ڈارسب چیزیں مان بھی لے تو اس کا کیس پرکیا اثر پڑتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹرنے کہا پاناما نظر ثانی فیصلے میں بحث کی گئی ہے، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہم نے پاناما فیصلے پر اس حدیبیہ فیصلے میں تفصیلی بحث کی ہے۔ جسٹس مظہر عالم نے کہا آپ نے کئی برسوں تک مقدمہ لٹکائے رکھا، کتنے سال ایک بندے کے سر پر تلوار لٹکا کر رکھیں گے۔