اسرائیلی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں آیا: ترجمان سول ایوی ایشن

Last Updated On 27 October,2018 02:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں آیا، اسرائیلی طیارے کی آمد صرف افواہ ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں اسرائیلی طیارے کے ہونے یا نہ ہونے سے متعلق وضاحت طلب کی تھی۔ احسن اقبال کی وضاحت پر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کیا اور خفیہ مذاکرات کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔

فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا حقیقی صورتحال یہ ہے کہ عمران خان نواز شریف ہے نہ ان کی کابینہ میں آپ جیسے جعلی ارسطو ہیں، ہم مودی جی سے خفیہ مذاکرات کریں گے نہ اسرائیل سے۔

وزیراطلاعات نے کہا آپ کو پاکستان کی اتنی فکر ہوتی جتنی ظاہر کر رہے ہیں تو آج ہم ان حالات میں نہ ہوتے، اس لئے فکر نہ کریں، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔