بجلی چور ہوشیار: پہلے مرحلے میں آج سے لاہور میں گرینڈ آپریشن کا آغاز

Last Updated On 26 October,2018 09:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) بجلی چوری کیخلاف مہم آج سے شروع کی جائے گی، پہلے مرحلے میں لاہور سے گرینڈ آپریشن کا آغاز ہوگا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہم کے بی سی کیبلز لگائیں گے، جن پر کنڈا نہیں چلتا، اسی سال سے یہ کام اسلام آباد اور لاہور سے شروع کر دیا جائے گا اور پانچ سال میں ملک بھر کی بجلی کی تاریں کنڈا فری کر دی جائیں گی جس سے بجلی چوری بند ہونے سے 250 ارب روپے سے لیکر 280 ارب روپے کی بچت ممکن ہوسکے گی۔ اس کے علاوہ اے ایم آئی میٹر بھی لگائے جائیں گے جو کہ ٹرانسفارمر پر بھی نصب ہوگا، جو بجلی چوری کی نشاندہی کرے گا۔

عمر ایوب خان نے بتایا کہ 920 ارب روپے سے زائد بجلی کے بقایاجات کی وصولی کیلئے اسلام آباد اور پنجاب سے ایک بڑا آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں سب سے پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالیں گے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے، انتظامیہ بجلی کے افسران کے ہمراہ چھاپے مار کر وصولیاں کرینگے۔ بعد ازاں اس کا دائرہ کار خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ تک بڑھا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا گردشی قرضے 1200 سے 1300 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔