یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کا نجکاری کیخلاف ڈی چوک پر دھرنا

Last Updated On 22 October,2018 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی نجکاری کیخلاف ملک بھر سے آئے ملازمین نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنا دیدیا، پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے والی سڑک خاردار تاریں لگا کر بند کردی۔

حکومتی پالیسیوں کے خلاف یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملک بھر سے آئے ملازمین سٹور ہیڈ آفس میں جمع ہوئے اور ریلی کی شکل میں اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا۔

مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی دھمکی دی تو پولیس نے خاردار تاریں لگا کر سڑک کو بند کر دیا۔ دھرنے میں شریک ملازمین کا کہنا ہے حکومت غریبوں کو خودکشیوں پر مجبور کر رہی ہے، نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

احتجاج کے باعث پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری ڈی چوک، بلیو ایریا اور ریڈزون میں تعینات ہے، خواتین پولیس اہلکار بھی اس موقع پر موجود ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے آج ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز احتجاجاً بند کر رکھے ہیں۔