پشاور: (دنیا نیوز) غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا کے حلقے پی کے 71 سے اے این پی کے امیدوار صلاح الدین کامیاب ہو گئے ہیں۔
پی کے 71 پشاور میں اے این پی نے میدان مار لیا ہے، کھلاڑی ذوالفقار خان کو شکست، کارکنوں کا جشن، اسفند یارولی نے جیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہو چکی، کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
آر ٹی ایس کے ذریعے موصول ہونیوالے تمام 86 پولنگ سٹیشنز کے نتائج مطابق اے این پی کے امیدوار صلاح الدین 11224 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائے ہیں۔
ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے ذوالفقار 9755 ووٹ کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ خیال رہے کہ گورنر شاہ فرمان کی خالی کردہ نشت پر ان کے بھائی ذوالفقار خان نے انتخاب لڑا، پی ٹی آئی ضمنی انتخاب کے دوران پشاور سے دوسری نشست ہاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پولنگ کا عمل ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
ادھر ایل اے 18 پونچھ سدھنوتی 2 کے مکمل پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ ن کے عامر الطاف 20 ہزار 874 ووٹ لے کامیاب قرار پائے ہیں۔
غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے غلام صادق 14 ہزار 376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار سردار سوار خان 3 ہزار 180 ووٹ لے سکے۔
مسلم کانفرنس کے سردار کاشان مسعود 3 ہزار 178 ووٹ لے سکے جبکہ جے کے پی پی کے سردار نظام خان 1 ہزار 339 ووٹ حاصل کر سکے۔