کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ضمنی انتخاب کا ایک اور معرکہ 21 اکتوبر کو ہو گا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی چھوڑی ہوئی نشست پر شہزاد قریشی کی انوکھی انتخابی مہم جاری ہے۔ ان کی حمایت کیلئے نامور فنکار میدان میں آ گئے ہیں۔
کراچی سے صوبائی اسمبلی کی اہم نشست پی ایس 111 پر پی ٹی آئی امیدوار شہزاد قریشی کی بھرپور انتخابی مہم جاری ہے۔ گھر گھر، محلے محلے انتخابی مہم چلائی اور اب حمایت کے لیے فنکار برادری میدان میں آ گئی ہے۔
نامور اداکار قوی خان، ہمایوں سعید، فیصل قریشی، اعجاز اسلم، عمران عباس، ثنا جاوید اور یاسر نواز سمیت متعدد فنکاروں نے شہزاد قریشی کے لیے آواز بلند کی ہے۔
بھرپورانتخابی مہم میں مصروف شہزاد قریشی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی کامیابی سمیٹیں گے، حلقے میں دور دور تک کوئی مدمقابل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے بعد پی ایس 111 کی نشست خالی ہوئی تھی جہاں اکیس اکتوبر کو ضمنی انتخاب میں 16 امیدوار میدان میں اتریں گے۔