فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہونے والے 16 سو ٹن ویسٹ کو اٹھانے کے لیے وسائل کی کمی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے ویسٹ اٹھانے کیلئے کمپنی گاڑیاں کرایہ پر حاصل کرتی ہے۔
پنجاب کے دوسرے بڑے شہر میں روزانہ کی بنیاد پر 16 سو ٹن ویسٹ پیدا ہوتی ہے، جسے اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ 8 سو ٹن ویسٹ کو اٹھانے کی صلاحیت والے عملے اور مشینری سے 12 سو ٹن سے زائد ویسٹ اٹھا کر شہر کو خوبصورت بنا رکھا ہے۔
سینئر منیجر آپریشن اعجاز بندیشہ کے مطابق 16 سو ٹن کوڑا کرکٹ کو روزانہ مستقل بنیادوں پر اٹھانے کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں 500 ملازمین سمیت 16 ڈیمپرز کی ڈیمانڈ کا مطالبہ کر چکے ہیں جبکہ کمشنر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مسائل جلد حل ہونے کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔
کمپنی افسران کے مطابق گرین اینڈ کلین پنجاب مہم میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کردار بھی اہم ہے۔ بہتر نتائج کے لیے پنجاب حکومت کو ترجیح بنیادوں پر کمپنی کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔