لاہور: (راحیل سید) ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے سمدھی ڈاکٹر امجد نے بیٹے کی گرفتاری کے بعد 13 ارب کی پلی بارگین کے لئے نیب کو درخواست دے دی۔ پلی بارگین کا طریقہ کار طے کرنے کے لئے نیب نے کام کا آغاز کر دیا۔ ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ سامنے آنے پر متاثرین سراپا احتجاج تھے جبکہ نیب نے بھی اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر رکھا تھا۔
ایڈن انتظامیہ کی جانب سے ہزاروں شہریوں سے 7 سے 8 سال قبل پیسے تو وصول کر لئے گئے تھے مگر اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ شہریوں کو پلاٹ مل سکے اور نہ ہی ان کے پیسے واپس کئے گئے جس پر ایڈن کے متاثرین نے نہ صرف نیب آفس کے باہر متعدد مرتبہ احتجاج کیا بلکہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی لاہور آمد پر زمان پارک اور مال روڈ پرسڑک بلاک کر دی جس پر وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈاکٹر امجد کے بیٹے مرتضیٰ امجد جو افتخار چودھری کے داماد بھی ہیں کو دبئی سے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بیٹے کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹر امجد نے نیب کو درخواست دی ہے کہ وہ 13 ارب روپے واپس کرنے کے لئے تیار ہیں اور ان کے ساتھ پلی بارگین کی جائے۔ ذرائع کے مطابق درخواست کے بعد نیب نے طریقہ کار کی تیاری شروع کر دی ہے کہ کن شرائط پر پلی بارگین کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ایڈن انتظامیہ کے ساتھ پلی بارگین کے بعد متاثرین کو پلاٹ یا پھر رقم کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔