یوم عاشور 21 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

Last Updated On 10 September,2018 12:48 pm

کراچی: ( روزنامہ دنیا ) محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت اجلاس آج ہو گا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں یکم محرم 12 ستمبر بروز بدھ اور یوم عاشور 10 محرم بمطابق 21 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

محرم الحرام 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پیر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں پیر کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔ ذرائع کے مطابق 29 کے چاند کو غروب آفتاب کے بعد افق پر نظر آنے کے لیے کم سے کم 35 سے 45 منٹ درکار ہوتے ہیں لیکن غروب آفتاب کے بعد 29 ذی الحج کو چاند کی افق پر نمودار رہنے کی عمر 15 منٹ ہے ، جب کہ غروب آفتاب کے بعد آسمان پر سورج کی روشنی کے اثرات 28 منٹ تک برقرار رہتے ہیں، جس کی وجہ سے قابل نظر دورانیہ شروع ہونے سے پہلے چاند غائب ہو چکا ہو گا۔