اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدارتی انتخابات کے لئے پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاغذات وصول کئے۔
اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پرویز رشید کی روش جاگیردارانہ ہے، انکے اعتراضات کا جواب ن لیگی رہنماؤں نے دیدیا، پرویز رشید سے ایسے اعتراض کی امید نہیں تھی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کے اگر دو امیدواد ہوئے تو تحریک انصاف کو فائدہ ہوگا۔
یاد رہے نئے صدر مملکت کے انتخاب کا میدان 4 ستمبر کو سجے گا، صدارتی الیکشن میں سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پارلیمنٹ میں ایک ہی جگہ ووٹ ڈالیں گے، چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی پولنگ اسٹیشن بنیں گی۔
قومی اسمبلی، سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہوگا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی میں کسی امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کو بلوچستان اسمبلی کی کل تعداد یعنی 65 سے ضرب دے کر متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل تعداد سے تقسیم کیا جائیگا۔ اس فارمولے کے مطابق تینوں اسمبلیوں کے بھی بلوچستان اسمبلی کے برابر 65 ، 65 ووٹ ہیں۔
صدر کے انتخاب کیلئے ووٹرز کی مجموعی تعداد 636 ہے مگر 614 ووٹ ڈالے جا سکیں گے۔ قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13 نشستیں خالی ہیں۔ بلوچستان اور سندھ اسمبلی کی دو دو، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونا باقی ہے، صرف سینیٹ کے 104 ووٹ پورے ہیں۔