اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خارجہ پالیسی پر گائیڈ لائن دیتے ہوئے کہا قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خارجہ پالیسی آزاد اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت دفترِ خارجہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے، دہشتگردی اور عالمی تنازعات سمیت تمام ایشوز پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا جائے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا موقف دنیا تک پہنچانے کے لیے پاکستانی سفارتخانوں کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔
قبل ازیں حکام دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو امریکا، بھارت سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی، عالمی اور علاقائی امور پر بھی دفتر خارجہ کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔