پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب، سمری منظور

Last Updated On 11 August,2018 05:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کر لیا گیا، سمری منظور کر دی گئی، نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی حلف اٹھائیں گے،جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔

خیال رہے صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 13 اگست کو طلب کیا ہے۔ اجلاس چار روز تک جاری رہے گا، پہلے روز نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ 14 اگست کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے، 15 اگست کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخاب ہوگا جبکہ 16 اگست کو وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ طے ہوگا۔ قائد ایوان کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے ارکان کی ڈویژن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

سندھ میں بھی حکومت سازی کیلئے شیڈول جار ی کر دیا گیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو ہوگا جس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ 15 اگست کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی روز قائد ایوان کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ 16 اگست کو قائد ایوان کے کاغذات کی سکروٹنی ہوگی، 17 اگست کو قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔ وزیراعلی سندھ 17 اگست کی شام میں عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی 13 اگست کوصبح دس بجے بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کئے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی 14 اگست کو سہ پہر چار بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 15 اگست کو خفیہ رائے دہی کے ذریعے ہوگا۔