نندی پور پاور کیس ری اوپن، سماعت کل ہوگی، فریقین کو نوٹس جاری

Last Updated On 08 August,2018 12:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے نندی پور پاور کیس ری اوپن کر دیا، سماعت کل ہوگی۔ عدالت نے وفاق، پیپکو اور واپڈا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

نندی پور پاور منصوبے سے متعلق درخواست کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا خواجہ صاحب آپ وزیر تھے، مسائل حل کیوں نہیں کیے، وفاقی وزیر تھے، آپ کے پاس اتھارٹی تھی، مسئلےحل کراتے۔ خواجہ آصف نے جواب دیا کہ مجھے کیس سے الگ کر دیا گیا تھا کہ مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکیس دیئے کہ آپ کو کیس سے الگ کیا گیا تھا، تحقیقات تو کرا سکتے تھے۔

خواجہ آصف نے عدالت کو بتایا ایک کمیشن رحمت علی جعفری کی سربراہی میں بنا تھا، اس میں حکم تھا کہ نندی پور اور چیچوں کی ملیاں پر کام مکمل کریں، نندی پور منصوبہ مکمل ہو گیا ہے، منصوبہ اب 5 سال سے کام کر رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کمیشن نے ذمہ داری بھی فکس کر دی تھی، آپ نے 2011 میں درخواست دائر کی، اس کو اب 7 سال ہوگئے، بتائیں اب اس درخواست میں کیا رہ گیا ہے کہ اس کو سنیں ؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ نے واپڈا اور پیپکو کو فریق بنایا۔