چین میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی، امید کی کرن نظر آنے لگی

Last Updated On 05 August,2018 11:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سات روز سے چین میں پھنسے تین سو سے زائد پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کی امید نظر آنے لگی، شاہین ایئر لائنز کے طیارے کو آپریشنل کرنے کیلئے پرزے کی تنصیب جاری ہے، پرواز کی آج رات گوانگ ژو روانگی متوقع ہے۔

تکنیکی وجوہات پر شاہین ایئر لائنز کافضائی آپریشن متاثر، سات روز سے چین میں پھنسے پاکستانی وطن واپسی کے منتظر، اب امید کی کرن نظر آنے لگی ہے۔

شاہین ایئر لائنز نے تین سو سے زائد پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اپنا طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایئر لائنز انتظامیہ کے مطابق جہاز کیلئے پرزے کا انتظام ہو گیا، تنصیب جاری ہے، سول ایوی ایشن کی جانب سے پرواز کی اجازت ملنے پر انجینئرز بھی ساتھ ہی گوانگ ژو جائیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تکنیکی وجوہات پر شاہین ایئر لائنز کے طیارے کو پرواز سے روک دیا تھا، جس کے بعد بحران پیدا ہوا، عدالتِ عظمیٰ نے بھی انتیس جولائی سے دیارِ غیر میں پھنسے پاکستانیوں کی جلد از جلد واپسی ممکن بنانے کا حکم دیا تھا۔