لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم کو اڈیالہ جیل میں آج ساتواں روز ہے، اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں کی آمد متوقع ہے، نواز شریف کو چہل قدمی کی جگہ بھی فراہم کر دی گئی۔
ادھر پنجاب کے نگران وزیراطلاعات احمد وقاص ریاض نے کہا کہ نواز شریف کو جیل قوانین 1978 کے تحت ان کے استحقاق کے مطابق بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کر دی ہیں جس میں ایک بہتر کلاس کا قیدی اپنا بستر، گدا، جوتے ، میز، کرسی، 21 انچ کا ٹی وی، ریڈیو، ٹوائلٹ کا سامان، اخبارات اور دیگر ایسی اشیا اپنے خرچے پر حاصل کر سکتا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے احمد وقاص ریاض نے بتایا کہ نوازشریف کو جیل کے ایک بہتر کلاس پورشن میں علیحدہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں ایک لوہے کا پلنگ، ذاتی بستر کی چادریں اور کپڑے ، ایک چھت کا پنکھا، دو بریکٹ فین اور ٹوائلٹ کے سامان کی سہولت دی گئی ہے۔
وزیراطلاعات نے بتایا کہ نوازشریف کو چہل قدمی کے لئے مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے اور وہ باقاعدگی سے اپنے کمرے سے منسلک لان میں واک بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیل کا میڈیکل سٹاف اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کنسلٹنٹ نوازشریف کا باقاعدگی سے طبی معائنہ بھی کرتے ہیں اور اسی ادارے کے ماہر غذا کی تجویز کردہ خوراک تعینات کردہ ایک خصوصی باورچی تیار کر کے فراہم کرتا ہے اور انہیں پھل، سلاد، کھجوریں اور تجویز کردہ خوراک (قیمہ) بھی فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی صحت تسلی بخش ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے بتایا کہ نوازشریف سے ان کے خاندان کے افراد اور دوست (ان کی خواہش پر) ان سے جمعرات کے روز ملاقات کر سکتے ہیں۔ تاہم قانونی ماہرین ان سے ہفتے میں کسی بھی ایک دن مل سکتے ہیں اس پر بھی قوانین کے مطابق عمل ہو رہا ہے
محکمہ جیل خانہ جات کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ملک مبشراحمد خان نے بتایا کہ مریم نواز کو بھی خاتون ہونے کے ناطے جو ترجیحی سہولیات حاصل ہو سکتی ہیں، دی گئی ہیں۔ نگران وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں سیاستدانوں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، جیل کے قواعدوضوابط سے ہٹ کر کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم قوانین کے پابند ہیں اور وہی کچھ کیا جا رہا ہے جس کی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔