نگران حکومت کی دوسری مرتبہ عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری

Last Updated On 30 June,2018 10:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

نگران حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر ایک مرتبہ پھر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی گئی جو اس حوالے سے کل فیصلہ کرے گی۔

آئل ایںڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 20 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 50 پیسے اور مٹی کا تیل 12 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ حتمی منظوری کل دیگی جبکہ یکم جولائی سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گا۔ ماہرین کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، تاہم ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے قیمت بڑھانا پڑے گی۔

یاد رہے کہ نگران حکومت نے ابھی عیدالفطر سے قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ نگران حکومت نے عید سے قبل عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالتے ہوئے پٹرول چار روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ پٹرول کی اس وقت موجودہ قیمت 91 روپے 96 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 105 روپے 31 پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔