پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے لٹر اضافے کا امکان

Last Updated On 28 June,2018 04:49 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا، دنیا نیوز) یکم جولائی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، تاہم ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے قیمت بڑھانا پڑے گی۔ یاد رہے کہ نگران حکومت نے ابھی عیدالفطر سے قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔

نگران حکومت نے عید سے قبل عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالتے ہوئے پٹرول چار روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ پٹرول کی اس وقت موجودہ قیمت 91 روپے 96 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 105 روپے 31 پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سابقہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نگران حکومت کرے گی۔