لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران کابینہ میں توسیع کر دی گئی، مزید چار وزراء نے گورنر ہاؤس میں عہدوں کا حلف اٹھا لیا، نئے وزراء میں سعید اللہ بابر، سردار تنویر الیاس، میاں نعمان کبیر اور چودھری فیصل مشتاق شامل ہیں۔
گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نے نئے نگران وزراء سے حلف لیا۔ سعید اللہ نے ہاؤسنگ کوآپریٹیو اور ماحولیات، سردار تنویر الیاس خان نے زراعت، فوڈ، ترقیاتی و منصوبہ بندی، میاں نعمان کبیر نے لیبر، لوکل گورنمنٹ، ٹرانسپورٹ، چوہدری فیصل مشتاق نے ہائیرایجوکیشن، اسکولز، سپیشل ایجوکیشن، لیٹریسی کی وزارت حلف اٹھایا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلٰی حسن عسکری نے کابینہ کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کر لیا۔ کابینہ کے اجلاس میں نئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کمشنرز،سیکرٹریز اور پولیس افسران تقرر و تبادلوں سے متعلق معاملات، انتخابات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان بھی زیر غور آئے گا۔
قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام کی ملاقات ہوئی، جس میں آزادانہ ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کو ہر قیمت پریقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈاکٹرحسن عسکری کا کہنا تھا نگران حکومت فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کیلئے آخری حد تک جائے گی، شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، آپ پروفیشنل آفیسرز ہیں، آپ نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرنی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کریں گے، آپ کی کارکردگی بولے گی تو کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا، امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔