'حسن عسکری پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے وزیراعلیٰ ہیں'

Last Updated On 08 June,2018 03:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پروفیسر حسن عسکری پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے وزیراعلیٰ ہیں، وہ انشاء اللہ غیرجانبدار اور صحیح فیصلے کریں گے۔

مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی نے نگران وزیراعلی پروفیسر حسن عسکری کو ٹیلیفون کر کے منصب سنھبالنے پر مبارکباد دی، چوہدری پرویزالہی کا نگران وزیراعلی سے کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ان پر مکمل اعتماد ہے، ن لیگ صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے خوفزدہ ہے اور وہ محض اس لیے مخالفت کر رہی ہے کہ اسے نگران وزیراعلیٰ بھی اپنے گھر کا ہی چاہئے۔

چوہدری پرویز الہی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پروفیسر حسن عسکری قوم کی توقعات پر پورے اتریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی کیفیت کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک طرف تو اسے اپنے کئے پر نیب کا خطرہ ہے اور دوسری جانب پروفیسر حسن عسکری جیسے غیر جانبدار وزیراعلیٰ کے تقرر سے ان کو سمجھ نہیں آ رہی حالانکہ پروفیسر حسن عسکری ایسی شخصیت کے حامل ہیں جن پر صاف شفاف الیکشن کیلئے غیرجانبدار کردار پر مکمل اعتماد کیا جا سکتا ہے لیکن ن لیگ ان کے خلاف اس لیے بیان بازی میں مصروف ہے کہ پنجاب میں فری اور فیئر الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔