اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے حسن عسکری کا انتخاب بد قسمتی ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے حسن عسکری اور ایاز امیر کا نام دیا تھا، دونوں شخصیات کے خیالات اخبارات میں پڑھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا نگران سیٹ اپ نیوٹرل ہونا ضروری ہوتا ہے، پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ پورے الیکشن عمل کو مشکوک بنا دے گا۔ ان کا کہنا تھا حسن عسکری کے ن لیگ کے بارے میں جو خیالات ہیں وہ بیان نہیں کر سکتا، ان کے ٹویٹس بھی ن لیگ کے خلاف ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا حسن عسکری نے کہا کہ گرمی میں الیکشن کرانا مشکل ہوتا ہے، حسن عسکری کو آئین کا نہیں پتا، ثابت ہے کہ حسن عسکری جانبدار ہیں۔ انہوں نے کہا نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے سے پورے الیکشن کو شکوک میں ڈال دیا ہے، اگر الیکشن کمیشن ایسے شخص کے بارے میں فیصلہ کرے تو یہ شفاف نہیں ہوں گے۔