پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست خان نے حلف اٹھا لیا۔ گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ حلف برادری تقریب میں اسپیکر اسد قیصر، پرویز خٹک، امیر مقام، سابق ایم پی ایز اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔
نگران وزیراعلیٰ کے پی کے جسٹس (ر) دوست محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کابینہ میرٹ پر بنائیں گے، الیکشن کمیشن، آئین نے جو کام دیا اسے پورا کریں گے، وقت پر الیکشن شفاف اور صحیح طریقے سے کرائیں گے۔ انہوں نے کہا شفاف الیکشن کے لیےسکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، کوشش ہو گی محدود دور حکومت میں عوام کو زیادہ ریلیف دیں، سابق حکومت نے بجٹ پیش نہیں کیا، بجٹ کے معاملے پر قانون کے مطابق عمل کریں گے، صوبائی کابینہ مختصر لیکن میرٹ پر منتخب کی جائے گی۔
حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک کے بعد الیکشن کمیشن کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا۔ دوست محمد خان 1953 میں بنوں میں پیدا ہوئے، جسٹس (ر) دوست محمد 17 نومبر 2011 کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے، 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور 19 مارچ 2018 کو مدت پوری کر کے ریٹائر ہوگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:جسٹس (ر) دوست محمد نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے ڈرون حملوں، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو تاحیات ناہل قرار دینے، خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے معاہدوں اور لاپتہ افراد کے بہت سارے کیسز پر فیصلے دیئے۔ خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس اور پشاور ہائی کورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں قائم ہوئے۔