خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی نگران حکومتوں کا فیصلہ نہ ہوسکا

Last Updated On 02 June,2018 05:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی طرح خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کا فیصلہ بھی نہ ہو سکا، جبکہ سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمان نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کا عہدہ سنبھال لیا۔

خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کا تقرر تاخیر کا شکار، چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی 3 جون تک فیصلہ نہ کر سکی تو نگران وزیراعلیٰ کا تقرر الیکشن کمیشن کریگی۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بلوچستان کے نگران وزیراعلی کا معاملہ بھی طےنہ ہو سکا۔ سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونے والی چار ملاقاتیں بے سود رہیں۔ نگران وزیراعلی کے پانچ نام زیرغور ہیں۔ حکومت کی جانب سے پرنس احمد علی، کامران مرتضی ایڈووکیٹ، علاوالدین مری اور اپوزیشن کی طرف سے جہانگیر اور اسلم بھوتانی کے نام زیر غور ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں بھی نگران سیٹ اپ کے معاملے پر سابق حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے، جبکہ سندھ کے نگران وزیراعلیٰ فضل الرحمان نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی، فضل الرحمان کا کہنا تھا عام انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی۔