کراچی: (دنیا نیوز) امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ قومی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی مدت تو پوری کی لیکن وعدے پورے نہیں کئے۔ ادارے مکمل طور پر ناکام اور سیاسی جماعتیں یتیم خانوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ ملک میں عدل وانصاف کا کوئی نظام نہیں، عوام ووٹ سے تبدیلی لا سکتے ہیں۔
ادارہ نورِ حق کراچی میں جماعت اسلامی کی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج گالی کی سیاست عام ہو گئی ہے۔ سیاسی جماعتیں یتیم خانے بن گئیں، کسی جماعت نے اپنے کارکنوں کی قربانی کی بنیاد پر انتخابی ٹکٹ نہیں دیئے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ نیب کا ادارہ بھی فیل ہو گیا، اسے جس طرح غیر جانبدار ہونا چاہیے تھا، وہ نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کا قیام خوش آئند ہے لیکن صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے اپنی مدت پوری کرنے کے ساتھ وعدے پورے نہیں کئے۔