'کراچی آپریشن فوجی قیادت کا فیصلہ، نواز شریف کریڈٹ کس بات کا لے رہے ہیں'

Last Updated On 30 April,2018 05:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے مینار پاکستان پر ملکی تاریخ میں اس قسم کا جلسہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، کراچی آپریشن فوجی قیادت کا فیصلہ تھا،، نواز شریف کریڈٹ کس بات کا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ 20 سال اور مل جائیں تو پاکستان کو بدل دیتا، وہ 45،50 سال کا اقتدار ملے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف تین باتوں پر اقتدار میں آئے، دہشت گردی کو ختم کرنے کا کریڈٹ جنرل (ر) راحیل شریف کو جاتا ہے، جب ضرب عضب شروع ہوا تو نواز شریف کو ٹی وی سے پتا چلا، جب آپریشن کا پتا چلا تو نوازشریف نے فوج سے رابطہ ہی منقطع کر دیا تھا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کراچی میں آپریشن بھی فوجی قیادت کا فیصلہ تھا، وفاقی حکومت رینجرز کو اختیار دینے کے لیے تیار نہیں تھی، رینجرز کے اختیارات میں بھی بار بار رخنہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا جس سنجیدگی سے نواز شریف جھوٹ بولتے ہیں شاید ان کو ایسے بولنے میں ملکہ حاصل ہے، انہوں نے کہا 10 ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی، لیکن اس وقت 1900 میگا واٹ بجلی نظام میں شامل ہوئی ہے۔