عازمین حج کیلئے رہائش، سعودی کمپنیوں سے تفصیلات طلب

Last Updated On 27 April,2018 03:39 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج کیلئے مدینہ منور ہ میں رہائش گاہوں کے حصو ل کیلئے سعودی کمپنیوں سے تفصیلات طلب کرلیں جس کیلئے قواعد و ضوابط کی روشنی میں معیار پر پورا اترنے والی کمپنیوں سے معاہدہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت 1لاکھ 7 ہزار حجاج کیلئے مدینہ منورہ میں حرم شریف سے 500 میٹر کے فاصلے پر رہائش گاہیں حاصل کی جارہی ہیں۔ سرکاری سکیم کے 50 فیصد عازمین فریضہ حج سے قبل مدینہ شریف میں حاضری دیں گے اور بقیہ 50 فیصد حجاج فریضہ حج کے بعد مدینہ شریف جائیں گے اور مدینہ شریف میں حجاج کرام کو 8 سے 9 دن ٹھہرایاجائے گا تاکہ حجاج مسجد نبوی شریف میں 40 نمازیں باجماعت ادا کر سکیں۔

کمپنیوں سے یکم ذیقعد سے 15محرم تک معاہدہ کیاجائے گا ہائرنگ کمیٹی اس ضمن میں موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لے گی، کمپنیاں حجاج کرام کو تین وقت کے کھانے سمیت تمام سہولیا ت فراہم کرنے کی پابند ہونگی، معاہدے کے مطابق سہولیات فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں سے شکایت کی صورت میں فی حاجی 400ریال جرمانہ وصول کیاجائے گا۔