اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نئی انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج، منتقلی یا کوائف کی درستگی کے لیے آج آخری دن ہے، ووٹ کے اندراج کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں، ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم زیادہ شکایات ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن ایک ہفتے کی توسیع پرغور کر سکتا ہے۔
جو افراد اب تک بطور ووٹرز درج نہیں ہیں وہ فارم نمبر 15 کے ذریعے 24 اپریل (آج) تک اپنا نام شامل کرا سکتے ہیں۔ شامل ناموں پر اعتراض کرنے کے لیے فارم نمبر 16 اور ووٹ کے کوائف میں تبدیلی کے حوالے سے فارم نمبر 17 استعمال ہو رہا ہے۔
ووٹرز کے پاس آج آخری دن ہے ، ملک بھر میں 15ہزار کے قریب ڈسپلے سینٹر قائم کیے گئے ہیں، ایسے تمام افراد جنہوں نے ابھی تک الیکشن 2018ء کے لیے انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج اور کوائف کی درستگی نہیں کروائی وہ ابھی اپنے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں جا کر اپنے ووٹ کا اندراج اور کوائف کی درستگی یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی۔