دہشتگردی کے خلاف جنگ کی کامیابی کا کریڈٹ پاکستان کی نوجوان نسل کی بہادری کو جاتا ہے :جنرل قمر جاوید باجوہ کی گفتگو
راولپنڈی (دنیا نیوز ) دورہ پاکستان پر آئے امریکی یونیورسٹی کے طلباء نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، آرمی چیف نے کہا کہ نوجوان مستقبل کے رہنماء ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی یونیورسٹی کے طلباء لاہور، وادی ہنزہ اور اسلام آباد کی سیر کرنے پاکستان آئے تھے۔ طلباء نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاکستان کی خوبصورتی اور امن کے بارے میں تاثرات بتائے۔
آرمی چیف نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ کی کامیابی کا کریڈٹ پاکستان کی نوجوان نسل کی بہادری کو جاتا ہے۔ طلباء نے کہا کہ وہ دورہ پاکستان میں پاکستان کا پرامن اور خوبصورت پیغام لے کر واپس جا رہے ہیں، امریکی طلباء کی جانب سے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا گیا۔