اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر سرکاری استعمال کے حوالے سے نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے، جواب کے ساتھ گزشتہ دس سال کا متعلقہ ریکارڈ اور اس میں سفر کرنے والی شخصیات کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے میں خیبر پختونخوا حکومت نے اپنا جواب نیب میں جمع کراتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ اور سفر کرنے والی شخصیات کی معلومات بھی فراہم کر دی ہیں۔ نیب میں جمع کرائے گئے جواب میں خیبر پختونخوا حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے بل ادا کر کے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے نیب کو جواب کے ساتھ سرکاری ہیلی کاپٹر کے دو ہزار آٹھ سے اب تک کے استعمال کا ریکارڈ، قواعد و ضوابط اور خریداری کے معاہدے کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت نے موجودہ حکومت سے کہیں زیادہ سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے جتنی مرتبہ بھی ہیلی کاپٹر میں سفر کیا اس کا باقاعدہ بل ادا کیا گیا۔