پاکستان اور سعودی عرب کی بحری مشقوں کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر

Published On 15 Feb 2018 01:22 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی سپیشل آپریشن فورسز کے درمیان کراچی میں منعقد ہونے والی مشترکہ بحری مشق افعیٰ الساحل کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔

مشق کے پہلے مرحلے کے دوران زمینی اور ہاربر سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں بحری سپیشل آپریشنز کی قبل از مشق ریہرسل کی گئی۔

مشق افعیٰ الساحل کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز، دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینا، انسانی سمگلنگ، بحری قذاقی اور دہشت گردی جیسے مختلف النوع میری ٹائم خطرات سے نمٹنا ہے۔ اِس مشق سے دونوں ملکوں کو درپیش روایتی خطرات کے خلاف مشترکہ صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

بحری مشق افعیٰ الساحل پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی سپیشل آپریشن فورسز کی باہمی مشق ہے جو سال 2011ء سے باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔ مشق کا پہلا مرحلہ سی فیز کی شروعات پر اختتام پذیر ہو گا جس میں میری ٹائم سپیشل آپریشنزکا انعقاد کیا جائے گا۔

کراچی میں بحری مشق افعیٰ الساحل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی میرینز فورسز کے درمیان سعودی عرب میں دیرہ الساحل کے نام سے بھی بحری مشق جاری ہے۔

پیشہ ورانہ مہارتیں اور صلاحیتوں بالخصوص ساحلی دفاع، ملٹری آپریشنز، اربن ٹیرین کا مظاہرہ، لینڈنگ کرافٹ یوٹیلٹی سے ساحل پر لینڈنگ، کیموفلاج اور کنسیلمنٹ ٹیکنیکس سے سنائپرز کی تربیت اس مشق کا حصہ ہیں۔