پشاور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف پنجاب کے وزیر قانون راناثناء اللہ کے خلاف خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قرارداد لے آئی، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے راناثنا ء اللہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نادیہ شیر کی جانب سے کے پی اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیرقانون راناثناء اللہ نے مردان کیس کی تفتیش کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ جس طرح پنجاب فرانزک لیب اور ڈی این اے رپورٹ کے معاملے کو راناثنا ءاللہ نے اپنی پریس بریفنگ میں اچھالا ہے وہ تفتیش پر اثر انداز ہونے، خیبر پختونخواہ حکومت اور کار سرکار کے معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف راناثناء اللہ کے خلاف فوری کارروائی کریں اوراگر وزیراعلی نے ایکشن نہ لیا تو کے پی حکومت رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔