کوئٹہ: وزیراعلیٰ کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کی صورتحال پر اظہارِ برہمی

Published On 12 Feb 2018 05:50 PM 

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار، بچوں میں سکول کی کتب خریدنے کیلئے رقوم کی تقسیم۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان ایک بار پھر شہر کی سٹرکوں پر نظر آئے۔ انہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن، موسیٰ کالونی اور سریاب روڈ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ان علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ لوگوں سے گھل مل گئے اور ان کے مسائل سنے۔

بعض علاقوں میں وزیر اعلیٰ نے بچوں کو سکول کی کتابیں خریدنے کے لئے پیسے بھی دیئے۔ موسیٰ کالونی میں ایک شخص نے گیس کے بھاری بھر کم بل آنے کی شکایت کی تو وزیر اعلیٰ نے بل اپنی جبیب سے ادا کر دیا۔

سیٹلائٹ ٹاؤن کے مین چوک کے بیچوں بیچ ٹریفک پولیس کے لئے بننے والی بلڈنگ کا نوٹس بھی لیا اور ذمہ داران کے خلاف 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے سریاب پیکج کے تحت علاقے میں 54 غیرفعال واٹر سپلائی سکیموں کو فوری طور پر چلانے کے احکامات بھی جاری کئے۔