اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز رشید کے انٹرویو پر سابق وزیر داخلہ چودھری نثار برہم ہو گئے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا ہے کہ کونسلر کا الیکشن نہ لڑنے والا پارٹی کا پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔
چودھری نثار نے مزید کہا کہ کسی شخص کی مضحکہ خیز باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا، وزیر اعظم اور نواز شریف ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیں، ڈان لیکس رپورٹ سامنے آنے پر اس کے کرتوت سامنے آ جائیں گے۔
یاد رہے کہ رہنماء مسلم لیگ نون سینیٹر پرویز رشید نے آج نجی ٹی وی چینل کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار اگر بااصول آدمی ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں، ڈان لیکس کے معاملے پر چودھری نثار فوج کے ایک گروہ کو خوش کرنا چاہتے تھے، پارٹی میں میرا ووٹ اس حق میں ہو گا کہ چودھری نثار کو پارٹی سے نکال دیا جائے۔ پرویز رشید نے یہ بھی کہا تھا کہ چودھری نثار کسی کی خوشنودی کیلئے مجھے پارٹی سے نکلوانا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ امید ہے کہ غیرسیاسی عناصر سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، سیاسی مداخلت کرنے پر کسی کا نام نہیں لیں گے کیونکہ ملکی حالات کا تقاضہ یہی ہے۔