وزیر داخلہ کا اداروں کو حدود میں رہنے کا مشورہ

Published On 07 Jan 2018 10:37 PM 

نارووال: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے اداروں کو حدود میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنا کام چھوڑ کر دوسروں کے کام میں دلچسپی لینے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ بلوچستان میں عدم اعتماد کی تحریک سی پیک پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، تحریک عدم اعتماد کی دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ اراکین اسمبلی کو پرائیویٹ نمبرز سے کال کر کے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں اور اراکین کو خود اپنی ہی حکومت کے خلاف بولنے اور کھڑا ہونے کے لئے کہا جا رہا ہے۔

احسن اقبال بولے، سینیٹ سے کون خوفزدہ ہے؟ اور کیونکر خوفزدہ ہے؟ بلوچستان میں بحران شدت بھی اختیار کر گیا تو پھر بھی سینیٹ کے انتخابات ہوں گے، ملک کو عدم استحکام اور انتشار سے دو چار کرنے کے لئے دشمن سرگرم ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سی پیک منصوبہ جات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری تھے، بلوچستان کے عوام کے اندر ایک امید اور احساس پیدا ہو رہا ہے، عدم اعتماد کے لئے اراکین اسمبلی میں ردعمل ہوتا تو نظر بھی آتا، اس بے موسمی تحریک کے اثرات پاکستان کے استحکام کے لئے اچھے نہیں ہوں گے، اس کے اثرات خصوصاً سی پیک اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر اچھے نہیں ہوں گے، حکومت اس مسئلے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس ضمن میں سیاسی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔