لاہور میں آؤٹ فال روڈ پر کھڑے ٹرک میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 39 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے درو دیوار لرز اٹھے، شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں پندرہ سے بیس کلو بارود استعمال ہوا۔
لاہور: (دنیا نیوز) آؤٹ فال روڈ پر میاں منشی اسپتال کے قریب ٹرک دھماکے سے قیامت صغریٰ برپا ہو گئی، قریبی عمارتوں کے درودیوار لرز اٹھے، شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کی جگہ پر 5 فٹ کا گڑھا پڑ گیا اور علاقے کی بجلی بند ہو گئی۔ دھماکے کی جگہ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جاں بحق شخص کی عمر 40 سے 45 سال ہے جبکہ اس کا تعلق کامونکی سے تھا۔ دھماکے میں 39 افراد زخمی ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشاف ہوا ہے۔ ٹرک ہفتے کی صبح کھڑا کیا گیا، نیچے بارود اوپر خوبانی رکھی گئی۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو مل گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک چوری کا لگتا ہے۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میاں منشی اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔ سی ٹی او رائے اعجاز نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کرے گی۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا ٹرک سے متعلق پولیس کی غفلت ثابت ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔