مفتی پوپلزئی اچانک دبئی روانہ، ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان روشن

Published On 24 Jun 2017 04:58 PM 

مفتی شہاب الدین پوپلزئی اچانک دبئی چلے گئے، ملک بھر میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان روشن ہو گیا، مفتی منیب الرحمان نے بھی یقین دلا دیا۔

اسلام آباد/پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان میں ہر سال دو عیدیں کرانے والے مفتی شہاب الدین پوپلزئی اچانک غائب ہو گئے۔ دنیا نیوز نے سراغ لگا لیا۔ مفتی پوپلزئی نے اس بار بھی دو عیدیں کرانے کے لئے 28 ویں رمضان پر ہی پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں چاند دیکھنے کے لئے آج اجلاس بلا رکھا تھا۔ مگر مفتی پوپلزئی اچانک غائب ہوئے تو پشاور میں ہر طرف چہ مگویئاں ہونے لگیں کہ مفتی صاحب کے قریبی ساتھیوں کو بھی پتہ نہیں تھا کہ وہ کہاں ہیں؟ تاجروں نے احتجاج کا اعلان بھی کر دیا۔

دنیا نیوز نے معاملے کی چھان بین کی تو حیرت انگیز انکشاف ہوا۔ پتہ چلا کہ پوپلزئی 22 جون کو اسلام آباد سے دبئی جا چکے ہیں۔ دنیا نیوز نے ٹکٹ کی کاپی بھی حاصل کر لی جس پر ان کی واپسی کی تاریخ دو اگست درج ہے۔ پوپلزئی کے دبئی جانے سے ان کے قریبی ساتھی بھی بے خبر نکلے۔ مفتی پوپلزئی کے دبئی جانے کے بعد ملک بھر میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔

پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کہتے ہیں انشاء اللہ اس بار عید ایک ہی دن ہو گی۔