شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ، بجلی 12،12 گھنٹے غائب

Published On 03 Jun 2017 12:01 PM 

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیدنگ سے روزے دار بے حال ہو گئے ، سورج بھی آگ برسانے لگا۔

اسلام آباد : (دنیا نیوز) بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں ، شہری آگ برساتے سورج کے نشانے پر ، بجلی 12،12 گھنٹے غائب ، روزہ داروں کے لیے نیا امتحان شروع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیدنگ سے روزے دار بے حال ہو گئے ، بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ، دیہی علاقوں میں 12 ، شہروں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈ شیدنگ ہونے لگی ، سورج بھی آگ برسانے لگا۔

وزرات پانی و بجلی کے مطا بق ملک میں بجلی کی طلب 22 ہزار 900 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ پیداوار 18 ہزار 562 میگاواٹ ہے ، ہائیڈل سے 5 ہزار 764 میگاواٹ ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 3 ہزار 28 میگاواٹ جبکہ آئی پی پیز سے 9 ہزار 770 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔۔

وزرات پانی و بجلی کے دعوی کے برعکس ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ، دوسری جانب ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرات 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔