آصف زرداری کے ساتھیوں کی گمشدگی، پیپلز پارٹی ایوان سے واک آوٹ

Published On 17 Apr 2017 08:08 PM 

آصف زرداری کے تین ساتھیوں کی پراسرار گمشدگی کیخلاف پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آوٹ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں روز آئیں گے جواب نہ ملنے پر ایوان سے چلے جائیں گے۔

لاہور: (دنیا نیوز) اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قوی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کے تین ساتھیوں کی پراسرار گمشدگی پر احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے معاملے پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی منظور کی گئی ترمیم کا احترام نہیں کیا جاتا تو ایوان میں ہمارے بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ترمیم میں یہ بات طے کی گئی تھی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی شخص کو اٹھانے کے 24 گھنٹے بعد عدالت میں پیش کرنے کے پابند ہونگے جبکہ ہمارے تین افراد دس روز سے لاپتہ ہیں جنہیں عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا جا رہا، انہوں نے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے کہا کہ ہم اسمبلی میں روز آئیں گے جواب نہ ملنے پر ایوان سے چلے جائیں گے، حکومت بتائے ہمارے تینوں افراد کس کے پاس ہیں؟