نیپالی پولیس کو پاکستان کے سابق کرنل کا استقبال کرنیوالے نامعلوم شخص کی تلاش

Published On 12 Apr 2017 11:10 PM 

نیپالی پولیس کے مطابق حبیب ظاہر جہاز سے دستی سامان اور بیک پیک کے ہمراہ اترے، خارجی گیٹ پر نامعلوم شخص سے کچھ دیر باتیں کیں اور پھر دونوں اکٹھے چلے گئے۔

کھٹمنڈو: (دنیا نیوز) نیپالی حکام کو ابھی تک گمشدہ پاکستانی شہری حبیب ظاہر کا سراغ نہ مل سکا۔ نیپال میں گم شدہ پاکستانی شہری کے بارے میں نیپالی پولیس کا کہنا ہے کہ حبیب ظاہر آخری بار بھیروا کے ہوائی اڈے پر سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آئے جہاں ایک نامعلوم شخص نے ان کا استقبال کیا لیکن شہر کے کسی ہوٹل میں ان کے نام پر کمرہ بک نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق حبیب ظاہر جہاز سے دستی سامان اور بیک پیک کے ہمراہ اترے، خارجی گیٹ پر نامعلوم شخص سے کچھ دیر باتیں کیں اور پھر دونوں اکٹھے چلے گئے۔ پولیس ٹیکسی ڈرائیورز اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو حبیب ظاہر کی تصویریں دکھا کر سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نیپالی حکام کے مطابق کرنل حبیب کے فون ریکارڈز اور دیگر معلومات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔